ہاسن، 12؍ جون (ایس او نیوز) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر بی ایس ایڈی یورپا نے جمعہ کے روز ان کے بارے میں جاری قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اور کہا کہ وہ اگلے دو سال تک ریاست کے وزیر اعلیٰ عہدے پر رہیں گے اور ریاست میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا کوئی سوال نہیں ہے۔
مسٹر ایڈی یورپا نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اگلے دو سالوں تک ریاست کا وزیراعلی رہوں گا اور اس بارے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے۔کل پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور کرناٹک امور کے پارٹی انچارج ارون سنگھ نے بھی واضح کردیا تھا کہ میں اپنے عہدے پر قائم رہوں گار اس کے بعد ریاست میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا ’’ جب تک پارٹی کے سینئر لیڈروں کا مجھ پر اعتماد ہے ، تب تک میں اس عہدے پر قائم رہوں گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو مجھ پر اعتمام ہے اور میں انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔ میں ریاست کا دورہ کروں گا اور لوگوں کی بہتری کے لئے کام کروں گا‘‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر سیاحت سی پی یوگیشور اور پارٹی کے رکن اسمبلی اروند بیلاد کی سربراہی میں پارٹی کے متعدد اراکین اسمبلی نے دہلی کا دورہ کیا تھا اور ان پر بدعنوانی کے الزامات عائد کئے تھے۔ اس کے بعد مسٹر ایڈی یورپا نے کہا تھا کہ اگر پارٹی کے سینئر لیڈر کہیں گے تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔